نئی دہلی، 9/فروری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ملک میں کام کرنے والی خواتین کو رہائش کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے وزارت برائے بہبودی خواتین واطفال نے 934ہاسٹل کی تعمیر کی منظوری دی ہے۔اس سے مختلف ریاستوں میں 70ہزار سے زیادہ کام کرنے خواتین مستفید ہوں گی۔یہ معلومات بہبودی برائے خواتین واطفال کی وزیرمملکت کرشنا راج نے جمعرات کو راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں دی۔انہوں نے کہا کہ اسکیم کے رہنما خطوط کے مطابق ریاستی حکومت اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں،جس میں شمال مشرقی خطے کی ریاستیں بھی شامل ہیں،سے اس سلسلہ کی تجویز موصول ہوئی تھیں،جن پر وزارت کے سکریٹری کی صدارت والی پروجیکٹ منظوری کمیٹی (ڈبلیوسی ڈی)نے غور کیا اور اسکیم کے تحت خواتین ہاسٹل کی منظوری فراہم کی۔قابل ذکر ہے کہ اس اسکیم کا مقصد شہری، نیم شہری یہاں تک کہ دیہی علاقوں، جہاں خواتین کے لیے رہائش کا مسئلہ ہے،وہاں انہیں رہائش مہیا کرانا ہے۔